گوہر خان نے پہلے حمل کے ضائع ہونے کا دردناک تجربہ بیان کردیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل گوہر خان نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شادی کے بعد پہلے حمل کا ضائع ہوجانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا دکھ تھا، جو آج دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود ان کے لیے تازہ محسوس ہوتا ہے۔43 سالہ گوہر خان نے یہ انکشاف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے پروگرام ماں کی بات، ماں کے جذبات میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے شوہر زید دربار کے ساتھ اپنی نجی زندگی کے اس مشکل تجربے کے بارے میں کھل کر بات کی۔گوہر خان نے بتایا کہ حمل کے دوران انہیں اور ان کے شوہر کو الٹراساؤنڈ کے ذریعے بچے کے دل کی دھڑکن بھی سنائی دے چکی تھی۔ اسی وجہ سے حمل ضائع ہونے کی خبر دونوں کے لیے انتہائی صدمے کا باعث بنی۔اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کا پہلا حمل اس طرح ضائع ہوجائے گا۔ ان کے لیے اس واقعے کو بھلانا آسان نہیں تھا اور آج بھی وہ اور زید دربار اس بارے میں بات کرتے ہیں، کیونکہ یہ ان کی زندگی کا ایسا تجربہ ہے جسے مکمل طور پر فراموش کرنا ممکن نہیں۔گوہر خان نے اس مشکل لمحے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب زید کو حمل ضائع ہونے کی خبر دی گئی تو وہ کچھ دیر کے لیے بالکل خاموش اور سکتے کی کیفیت میں چلے گئے، تاہم اس خبر نے انہیں بھی اندر سے شدید متاثر کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے باوجود اس واقعے کی یاد ان کے دل میں موجود ہے اور زندگی میں خوشیاں آنے کے باوجود اس تکلیف دہ تجربے کو مکمل طور پر بھلانا ممکن نہیں۔