جارجیا میلونی نے دوسری عالمی جنگ کے بعد طویل حکمرانی کا ریکارڈ توڑ دیا
روم( مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے دوسری عالمی جنگ کے بعد ملک میں سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والی وزیراعظم بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔جنوبی شہر باری میں ایک سیاسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے اپنے تقریباً چار سالہ دور حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی پسند سیاسی جماعتیں اس وقت شناخت کے بحران کا شکار ہیں۔تقریر کے دوران ایک دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب جارجیا میلونی کی بیٹی کی فون کال آگئی، جس کے باعث وزیراعظم کو کچھ دیر کے لیے اپنا خطاب روکنا پڑا۔جارجیا میلونی کی حکومت نے 1413 دن مکمل کرکے سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی کی حکومت کا طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔اس کامیابی کے بعد جارجیا میلونی دوسری عالمی جنگ کے بعد اٹلی میں طویل ترین عرصے تک حکومت کرنے والی وزیراعظم بن گئی ہیں۔