راجو جمیل نے ہانیہ عامر کا صدقہ دینے کی وجہ بتا دی
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راجو جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ ہانیہ عامر کی شاندار اداکاری سے متاثر ہو کر ان کا صدقہ دیا تھا۔راجو جمیل نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامہ "انا" کی شوٹنگ کے دوران وہ ہانیہ عامر کی اداکارانہ صلاحیتوں سے بے حد متاثر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہانیہ عامر نے ڈرامے کے ایک نہایت مشکل اور طویل منظر کی شوٹنگ صرف ایک ہی ٹیک میں مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا۔راجو جمیل کے مطابق ہانیہ عامر کی بہترین کارکردگی دیکھ کر وہ اپنی نشست سے اٹھے، جیب سے ایک ہزار روپے کا نوٹ نکالا، اداکارہ کے سر سے وار کر ان کا صدقہ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہانیہ عامر نے اپنی عمدہ اداکاری سے شوٹنگ کے دوران موجود تمام افراد کو متاثر کیا تھا، اور ایک سینئر فنکار کی حیثیت سے ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ نئے اور باصلاحیت فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرے۔