چیک باؤنس کیس: راجپال یادیو کی سزا برقرار، عدالت نے اپیل کے لیے مہلت دے دی
دہلی( شوبز ڈیسک) چیک باؤنس کیس میں بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو کو ایک بار پھر قانونی دھچکا لگا ہے، جہاں دہلی ہائی کورٹ نے ان کی تین ماہ قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے چیک باؤنس سے متعلق سات مقدمات میں راجپال یادیو کو تین، تین ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم تمام سزائیں ایک ساتھ چلیں گی۔ عدالت نے ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے راجپال یادیو کو شکایت کنندہ کو مزید ایک کروڑ چار لاکھ روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے ادا کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ان کی اہلیہ رادھا یادیو کو بھی ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو پانچ لاکھ 51 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق راجپال یادیو کی جانب سے پہلے ہی ادا کیے گئے دو کروڑ 25 لاکھ روپے مجموعی واجب الادا رقم میں شامل کر لیے جائیں گے۔عدالت نے مقدمے کے دوران راجپال یادیو کے طرز عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پروبیشن کا فائدہ دینے سے انکار کر دیا اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت برقرار رکھی۔ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو انہیں مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔