فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے کے کاٹنے سے راجیش شرما اسپتال منتقل

فلم کی شوٹنگ کے دوران زہریلے کیڑے کے کاٹنے سے راجیش شرما اسپتال منتقل

Jul 9, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکار راجیش شرما کی طبیعت فلم کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے سے بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں کولکتہ کے اسپتال میں داخل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔بیان کے مطابق شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد راجیش شرما تکنیکی عملے کے ساتھ جھاڑیوں کے قریب موجود تھے، جہاں انہیں مبینہ طور پر ایک زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا۔ ابتدا میں انہوں نے اس واقعے کو معمولی سمجھتے ہوئے فوری طبی امداد حاصل نہیں کی۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوا، تاہم وہ اس کے باوجود کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہو گئے۔ دورانِ سفر انہیں تیز بخار ہو گیا اور حالت مزید بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔راجیش شرما کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اوینیو بھٹاچاریہ کے مطابق زہریلے انفیکشن نے پیر کی انگلیوں سے لے کر گھٹنے تک اثرات مرتب کیے ہیں، جبکہ متاثرہ ٹانگ پر بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اداکار کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر انفیکشن کے باعث خون کا لوتھڑا بن کر پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو صورتحال جان لیوا ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق راجیش شرما کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور وہ تاحال مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں آئے ہیں۔