رونا نہ آیا تو نعمان اعجاز نے تھپڑ مار دیا، رئید محمد عالم کا دلچسپ انکشاف
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار رئید محمد عالم نے انکشاف کیا ہے کہ ایک جذباتی منظر کی شوٹنگ کے دوران رونا نہ آنے پر سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انہیں تھپڑ مار دیا تھا۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رئید محمد عالم نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں جذباتی مناظر میں رونا مشکل لگتا تھا اور وہ گلیسرین بھی استعمال نہیں کر سکتے تھے۔رئید کے مطابق نعمان اعجاز کے ساتھ ایک منظر کی شوٹنگ کے دوران انہیں رونا تھا، لیکن کئی بار کوشش کے باوجود وہ جذبات کا اظہار نہ کر سکے، جس کے باعث متعدد ٹیک دینا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ نعمان اعجاز نے ان سے پوچھا کہ کیا گلیسرین سے آنکھوں میں تکلیف ہوتی ہے؟ جب انہوں نے ہاں میں جواب دیا تو نعمان اعجاز نے اچانک انہیں زور سے تھپڑ مار دیا، جس سے وہ حقیقی جذبات میں آ گئے۔رئید محمد عالم نے کہا کہ اگرچہ اس لمحے انہیں یہ سخت محسوس ہوا، لیکن نعمان اعجاز سے انہوں نے اداکاری کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا اور وہ انہیں اپنا بہترین استاد سمجھتے ہیں۔