کوئٹہ( اباسین خبر)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوان قائم خان بگٹی نے طویل عرصے سے بے روزگاری اور ملازمت کی عمر کی حد سے تجاوز کے بعد کوئٹہ پریس کلب کے باہر اپنی تعلیمی اسناد نذرِ آتش کر دیں۔مقامی رپورٹس کے مطابق نوجوان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد مختلف سرکاری امتحانات دیے اور متعدد آسامیوں کے لیے درخواستیں بھی جمع کرائیں، تاہم برسوں کی کوششوں کے باوجود انہیں کوئی ملازمت حاصل نہ ہو سکی۔انہوں نے اس موقع پر حکومت سے اپیل کی کہ بلوچستان میں شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی کا نظام یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم ہو سکیں۔واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ افراد نے اسے نظام کے خلاف احتجاج قرار دیا جبکہ بعض نے اسے مایوسی پر مبنی جذباتی ردعمل کہا۔ماہرین کے مطابق بلوچستان میں نوجوانوں میں بے روزگاری ایک دیرینہ مسئلہ ہے، جہاں تعلیم یافتہ افراد کو روزگار کے محدود مواقع کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔