سپیشل اولمپکس نیشنل گیمز اختتام پذیر، پنجاب نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

سپیشل اولمپکس نیشنل گیمز اختتام پذیر، پنجاب نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی

Jul 17, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) سپیشل اولمپکس پاکستان کے زیر اہتمام پاور لفٹنگ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے نیشنل گیمز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے، جبکہ اگلے مرحلے میں فٹبال کے مقابلے کراچی میں منعقد ہوں گے۔سپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے کہا کہ سپیشل اتھلیٹس صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مزید مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی کھیلوں میں شریک کھلاڑیوں کا جذبہ، محنت اور آگے بڑھنے کا عزم قابلِ تعریف ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اتھلیٹس کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔رونق لاکھانی کے مطابق پاکستان کی سپیشل اولمپکس ہاکی ٹیم پہلی مرتبہ پیرا ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، جبکہ اس کے بعد پوری توجہ چلی میں ہونے والے ورلڈ گیمز کی تیاری پر مرکوز ہوگی تاکہ قومی کھلاڑی بہترین کارکردگی کے ذریعے ملک کا نام روشن کر سکیں۔تین روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سپیشل اتھلیٹس نے پاور لفٹنگ، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا اور مختلف کیٹیگریز میں میڈلز اپنے نام کیے۔اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی نتائج کے مطابق پنجاب نے 13 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سندھ 8 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔