پنجاب میں ٹوکن ٹیکس کی پیشگی ادائیگی پر 10 فیصد رعایت کا اعلان
لاہور( کامرس ڈیسک) محکمہ ایکسائز پنجاب نے موٹر وہیکل ٹوکن ٹیکس کی بروقت ادائیگی کرنے والے شہریوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔محکمہ کے مطابق 31 اگست 2026 تک ٹوکن ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں کو 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والے شہری نہ صرف 10 فیصد ڈسکاؤنٹ سے مستفید ہوں گے بلکہ تاخیر سے ادائیگی پر عائد ہونے والے جرمانے سے بھی محفوظ رہیں گے۔محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ شہری ای پے پنجاب کے ذریعے گھر بیٹھے آسان، محفوظ اور شفاف طریقے سے ٹوکن ٹیکس آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔حکام کے مطابق ای پے پنجاب حکومتِ پنجاب کی ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے اور عوام کو جدید آن لائن سرکاری ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے کا ایک اہم اقدام ہے، جو شہریوں کو تیز، محفوظ اور مؤثر ادائیگی کا نظام مہیا کر رہا ہے۔محکمہ ایکسائز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 31 اگست 2026 سے قبل ٹوکن ٹیکس ادا کرکے 10 فیصد رعایت سے فائدہ اٹھائیں۔