وزیراعظم شہباز شریف کی گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد

3 گھنٹے قبل
وزیراعظم شہباز شریف کی گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد ( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے، جس پر وہاں کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی حقدار ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے بھرپور محنت اور اچھا مقابلہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام کی بھرپور سیاسی شرکت جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنایا جو قابلِ تعریف ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی پرامن انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔