ڈیپ فیک کیس میں پریتی زنٹا کو عدالت سے عبوری تحفظ مل گیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا کو ڈیپ فیک مواد سے متعلق کیس میں ممبئی ہائی کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا ہے۔عدالت نے اداکارہ کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیے گئے ڈیپ فیک مواد، تبدیل شدہ تصاویر، جعلی ویڈیوز اور ان کی شناخت کے غیر مجاز استعمال کے ذریعے آن لائن پھیلائے جانے والے مواد کے معاملے میں عبوری تحفظ فراہم کیا۔کیس کی سماعت کے دوران ممبئی ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی مواد تیار کرنا کسی بھی فرد کے شخصی حقوق، تشہیری حقوق اور باوقار زندگی گزارنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی بن سکتا ہے۔عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا غیر قانونی استعمال نہ صرف افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ ان کے بنیادی حقوق بھی متاثر کر سکتا ہے، جس کے باعث ایسے معاملات میں قانونی تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔