پرکاش راج کا مودی پر طنز، کاکروچ جنتا پارٹی کی حمایت
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار پرکاش راج نے بھارت کی ابھرتی ہوئی نوجوان تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی پر طنز کیا ہے۔کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں بتایا کہ ایک چھوٹے کاروباری انیکیت پاٹل، جو جنتر منتر میں مظاہرین کو چائے فراہم کر رہے تھے، ان کے گھر اور گودام پر دہلی پولیس نے جا کر پوچھ گچھ کی۔ابھیجیت دپکے کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پرکاش راج نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ کارروائی اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ وہ ایک بڑی چائے کمپنی کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔ انہوں نے ابھیجیت دپکے کو اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت میں امتحانی پرچوں کے افشا ہونے اور مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی نے پہلے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مہم چلائی اور بعد ازاں مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔مظاہرین کی جانب سے بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔