پاکستانی ڈراموں کا مثبت تاثر بھارتی حکومت کیلئے پریشانی کا باعث ہے، فیصل قریشی
کراچی( شو بز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد کرنے کی کوشش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہونے سے بھارتی حکومت خوفزدہ ہے۔ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے بھارتی ناظرین کو یہ سمجھنے کا موقع دیا کہ پاکستانی بھی عام زندگی گزارنے والے تعلیم یافتہ افراد ہیں۔ ان کے بقول یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت روکنے کیلئے پابندی لگانے کی کوشش کی۔اداکار نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کو خاصی دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے اور حالیہ عرصے میں پیش کیے جانے والے پاکستانی ڈرامے بھی بھارتی ناظرین میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔فیصل قریشی کے مطابق پاکستانی ڈراموں پر پابندی عائد ہونے کے بعد بھارتی ناظرین نے مجازی نجی نیٹ ورک کا استعمال شروع کر دیا، جس کے باعث بھارتی حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈرامے اپنی کہانیوں اور کرداروں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔