پٹرول پمپ مالکان نے مجوزہ ڈی ریگولیشن پالیسی مسترد کر دی
کراچی( کامرس ڈیسک) آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی مجوزہ پٹرولیم قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ حکومت اپنی مجوزہ پالیسی پر نظرثانی کرے اور اس کے اثرات کا بوجھ پٹرول پمپ مالکان پر نہ ڈالا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ متفقہ اور قابلِ عمل پالیسی تشکیل دی جا سکے۔نعمان علی بٹ کے مطابق ملک بھر کے تقریباً 15 ہزار پٹرول پمپ مالکان نئی پالیسی پر شدید تحفظات رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ ڈی ریگولیشن پالیسی سے آئل ٹینکرز، نقل و حمل کے نظام اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے موجودہ طریقہ کار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ یکطرفہ فیصلوں کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایسی پالیسی بنائی جائے جو سب کے لیے قابلِ قبول ہو۔