قومی کرکٹرز کے لیے پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار

قومی کرکٹرز کے لیے پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار

Jul 16, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے طویل دورانیے کے تربیتی کیمپس میں شریک قومی کرکٹرز کے لیے پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی قرار دیتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اس کھیل کی جدید سہولت بھی فراہم کر دی ہے۔اب قومی کھلاڑیوں کو پیڈل اسپورٹس کھیلنے کے لیے اکیڈمی سے باہر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ کرکٹ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ اس کھیل کے ذریعے اپنی جسمانی فٹنس اور چستی بھی بہتر بنا سکیں گے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ پیڈل اسپورٹس ایک آسان، دلچسپ اور فٹنس بڑھانے والا کھیل ہے۔ پہلے کھلاڑی اس کے لیے دور دراز مقامات کا رخ کرتے تھے، تاہم اب تمام سہولیات نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ طویل تربیتی کیمپ کے دوران صرف کرکٹ کی مشق کافی نہیں ہوتی، اسی لیے ہر دوسرے روز تقریباً 40 منٹ تک پیڈل اسپورٹس کھیلنا لازمی رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس کھیل سے کھلاڑیوں کی فٹنس، تیز رفتار نقل و حرکت اور فیلڈنگ کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔عاقب جاوید نے مزید بتایا کہ منصوبے کے تحت باسکٹ بال کورٹس اور گیم روم بھی قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں اسنوکر سمیت دیگر کھیلوں کی سہولت موجود ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کامیاب کھلاڑی صرف اپنے بنیادی کھیل تک محدود نہیں رہتے بلکہ مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر اپنی مجموعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔