عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو، پی سی بی کی اسکائی اسپورٹس سے شکایت

عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو، پی سی بی کی اسکائی اسپورٹس سے شکایت

Aug 28, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کرنے پر اسکائی اسپورٹس کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی۔برطانوی اخبار کے مطابق انٹرویو میں قاسم خان اور سلیمان خان نے اپنے والد عمران خان کی طویل قید اور مبینہ نامناسب سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔ قاسم خان نے کہا کہ انہیں اپنے والد کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مکمل معلومات نہیں اور طویل حراست کے ذریعے ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وکلا ان کی جیل کی صورتحال کو تشویشناک قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کی بہن کی جانب سے بھی دورانِ قید تشدد کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ حال ہی میں عمران خان کو طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے انٹرویو نشر ہونے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ پروگرام نشر ہونے کے بعد پاکستانی حکام نے کھلاڑیوں کو دوبارہ میدان میں بھیجنے سے روکنے کی دھمکی بھی دی، تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی مداخلت اور مذاکرات کے نتیجے میں معاملہ حل ہوگیا اور کھیل دوبارہ شروع ہوا۔اسکائی اسپورٹس نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم مزید تبصرے سے گریز کیا۔ رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے معاملہ برطانوی حکومت کے متعلقہ دفتر کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔پی سی بی نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی ٹیم لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی کھیل میں شرکت کرے گی۔