پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب کی منظوری دے دی
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ترین بائیو مکینکس لیب قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے تجزیے اور تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔پی سی بی کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 2006 سے موجود عمارت کی تعمیر و مرمت اور جدید طرز پر تزئین و آرائش کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ اسے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ نئی بائیو مکینکس لیب کے لیے جدید کیمرے اور جدید سافٹ ویئر حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ عمارت میں جدید آلات سے لیس لیب قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت عمارت کی بالائی منزل پر جدید جم بھی بنایا جائے گا، جبکہ کھلاڑیوں کی بحالی (ریکوری) کے لیے احاطے میں سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا جائے گا۔عاقب جاوید کے مطابق جدید بائیو مکینکس لیب آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں مکمل ہو کر فعال ہو جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پرانے کیمرے اور دیگر آلات اپنی مدت پوری کر چکے تھے، اس لیے انہیں جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ نئی سہولت کے بعد صرف انڈور ہی نہیں بلکہ آؤٹ ڈور میں بھی بولرز کے ایکشن، بلے بازوں کی تکنیک اور فیلڈرز کی کارکردگی کا جدید انداز میں تجزیہ کیا جا سکے گا، جس سے قومی کرکٹ کے تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔