چین میں پاکستانی سی فوڈ کی طلب بڑھ گئی، برآمدات 41 فیصد بڑھ گئیں
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستانی سمندری خوراک کی چینی مارکیٹ میں بڑھتی طلب کے باعث رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جنوری سے جولائی 2026 کے دوران چین کو پاکستانی سی فوڈ کی برآمدات 156 ملین ڈالر سے بڑھ کر 220 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 41 فیصد اضافہ ہے۔فروزن فش، کٹل فش اور اسکویڈ کی برآمدات نمایاں رہیں، جن سے 76.43 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔ چین کے فوجیان، گوانگ ڈونگ، شاندونگ اور ژی جیانگ صوبوں میں بھی پاکستانی سمندری مصنوعات کی طلب بڑھی ہے۔تقریباً 200 پاکستانی سی فوڈ برآمد کنندگان چینی کسٹمز کے ساتھ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے تحت ترجیحی تجارتی سہولت نے بھی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سی فوڈ کی بڑھتی برآمدات سے پاکستان کے برآمدی دائرہ کار میں وسعت، روزگار کے مواقع اور چین کے ساتھ تجارتی روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔