پاکستان کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز نے لندن میں عالمی ڈیجیٹل ایوارڈ جیت لیا

پاکستان کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز نے لندن میں عالمی ڈیجیٹل ایوارڈ جیت لیا

Nov 2, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کے ٹیکنالوجی اور کاروباری شعبے کے لیے ایک اہم عالمی اعزاز، اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز (NICs) پروگرام نے لندن میں کامن ویلتھ ٹیلی کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (CTO) ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز 2026 میں ڈیجیٹل پالیسی و ریگولیٹری ایکسیلنس ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔یہ اعزاز CTO کی 125 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر دیا گیا، جو پاکستان میں نئے کاروباروں، جدت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا عالمی اعتراف ہے۔ پاکستان نے مزید 2 شعبوں میں بھی اعزازات حاصل کیے اور تنظیم کے 56 رکن ممالک میں نمایاں مقام حاصل کیا۔یہ کامیابی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ اقدامات کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔وزارت کی رہنمائی میں اگنائٹ کا نیشنل انکیوبیشن سینٹرز پروگرام نوجوان کاروباری افراد کو نئے ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے شروع کرنے اور انہیں وسعت دینے کے لیے وسائل، ماہرین کی رہنمائی اور کاروباری روابط فراہم کر رہا ہے۔ملک بھر میں قائم ان مراکز کے ذریعے کاروباری تربیت، صنعتوں سے روابط اور ممکنہ سرمایہ کاروں تک رسائی میں مدد دی جاتی ہے۔ حکومتی مالی معاونت اور نجی شعبے کی مہارت کو یکجا کرکے نئے خیالات کو کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس پروگرام کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیق، روزگار کے مواقع اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے میں بھی مدد مل رہی ہے۔یہ عالمی اعزاز اگنائٹ، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کے منتظمین، شراکت دار اداروں، ماہرین، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی مشترکہ کاوشوں کا اعتراف بھی ہے۔ اس کامیابی کو پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سے وابستہ کاروباروں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔