بائننس نے کرپٹو چوری سے متاثرہ صارفین کے 90 فیصد نقصانات پورے کر دیے
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس نے سائبر حملے میں چوری ہونے والے اثاثوں سے متاثرہ صارفین کے نقصانات کی تلافی کا عمل تیز کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ صارفین کے 90 فیصد نقصانات پورے کر دیے گئے ہیں، جس کے لیے بائننس نے اپنے فنڈز سے 6 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد مختص کیے ہیں۔کمپنی کے مطابق تلافی کی شرح پہلے تقریباً 80 فیصد تھی، جسے بڑھا کر 90 فیصد کر دیا گیا ہے۔ باقی متاثرہ ٹوکنز کی خریداری کے لیے کرپٹو مارکیٹس اور اوور دی کاؤنٹر (OTC) لین دین کا سہارا لیا جا رہا ہے۔بائننس کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن، ایتھیریم، ٹیتھر، بی این بی، سولانا، یو ایس ڈی کوائن، ایکس آر پی، یو ایس ڈی 1، آر ایل یو ایس ڈی اور زیڈ کیش سے متعلق نقصانات کی مکمل تلافی ہو چکی ہے۔کمپنی کے مطابق باقی 10 فیصد نقصانات کا تعلق کم لیکویڈیٹی رکھنے والے ٹوکنز سے ہے، جن میں مذکورہ 10 اثاثے شامل نہیں۔ تمام متاثرہ اثاثوں کے نقصانات کی 100 فیصد تلافی تک ان ٹوکنز کی خریداری جاری رکھی جائے گی۔بائننس نے واضح کیا ہے کہ چوری شدہ فنڈز کے مالی اثرات صارفین کے بجائے کمپنی خود برداشت کرے گی، جبکہ اس کی اگلی ترجیح رقم نکلوانے کی سہولت بحال کرنا ہے۔