بلوچستان میں مزید خاندانوں نے مسلح تنظیموں سے وابستہ افراد سے لاتعلقی اختیار کرلی

بلوچستان میں مزید خاندانوں نے مسلح تنظیموں سے وابستہ افراد سے لاتعلقی اختیار کرلی

Nov 2, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان میں مسلح تنظیموں میں شمولیت اور غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف ان کے اہلخانہ کی جانب سے لاتعلقی کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ، مستونگ اور کچھی سے تعلق رکھنے والے مزید خاندانوں نے اپنے بیٹوں اور بھائیوں سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں جہانزیب، نور زیب، انور، مجیب، قاسم اور عبیداللہ کے اہلخانہ نے ان سے لاتعلقی کا اعلان کیا، جبکہ مستونگ کے یونس شاہوانی کے خاندان نے بھی اس کے اقدامات سے خود کو الگ کرلیا ہے۔اسی طرح ضلع کچھی میں عنایت اللہ، عبدالنافع، طائب اور یاسر کے اہلخانہ نے بھی ان سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا۔خاندانوں کا کہنا تھا کہ لاپتا ہونے کے بعد مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہونے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے اقدامات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے بیٹے دہشت گرد تنظیموں کے ایجنڈے پر کام کرتے پائے گئے تو وہ ان سے کسی قسم کا تعلق نہیں رکھیں گے۔دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 108 سے زائد خاندان ایسے بیٹوں اور بھائیوں سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں جن پر دہشت گردی میں ملوث ہونے یا مسلح تنظیموں میں شمولیت کے الزامات ہیں۔