وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپے کی خبریں بے بنیاد ہیں، شاہد رند کی تردید

وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپے کی خبریں بے بنیاد ہیں، شاہد رند کی تردید

Nov 2, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے۔ایک بیان میں شاہد رند نے واضح کیا کہ نہ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا اور نہ ہی وزیراعلیٰ ہاؤس پر کسی قسم کا چھاپہ مارا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم انداز میں منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان کی کردار کشی اور صوبے میں بے یقینی و عدم اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے خائف بعض عناصر جھوٹی خبروں کے ذریعے عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے اور حکومتی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک دشمن عناصر بھی سوشل میڈیا کو حکومتی اداروں اور قیادت کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔معاونِ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حقائق مسخ کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے رجوع کر لیا گیا ہے۔