سعودی عرب نے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا، جنوبی علاقوں میں خطرہ ٹل گیا

سعودی عرب نے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا، جنوبی علاقوں میں خطرہ ٹل گیا

Nov 2, 2026|ویب ڈیسک

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے مملکت کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا۔یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے میزائل کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک لیا۔دوسری جانب سعودی محکمہ شہری دفاع نے نجران صوبے، خمیس مشیط گورنریٹ اور شہر ابہا میں خطرے کی صورتِ حال ختم ہونے کا اعلان کیا ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھیں اور متاثرہ مقامات پر جمع ہونے یا وہاں ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہریوں کو 998 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے واقعات، ان کے اثرات یا متعلقہ مقامات کی ویڈیوز بنانا اور ایسی معلومات سوشل میڈیا پر شائع یا شیئر کرنا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ حساس سکیورٹی معلومات کی تشہیر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات کی پابندی کریں۔