پاکستان، امریکہ تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات جاری

پاکستان، امریکہ تجارتی معاہدے پر دو روزہ مذاکرات جاری

Jul 10, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدے سے متعلق دو روزہ مذاکرات جاری ہیں، جن کا مقصد دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکہ میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال کر رہے ہیں۔وفد میں ایڈیشنل سیکرٹری طاہر اندرابی، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی ندیم چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری ٹیرف پالیسی اشفاق خان سمیت مختلف وزارتوں کے نمائندے شامل ہیں، جبکہ بعض حکام ورچوئل پلیٹ فارم کے ذریعے بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، باہمی تجارت میں سہولت کاری کو فروغ دینا اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی روابط میں مزید تنوع اور وسعت پیدا کرنے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے اقتصادی شراکت داری کو بھی تقویت ملے گی۔