پاکستان ویمن انڈر 19 نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز برابر کر دی

پاکستان ویمن انڈر 19 نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز برابر کر دی

Jul 23, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمن انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ سیریز کا فیصلہ کن پانچواں اور آخری میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پاکستان نے 110 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔پاکستان کی کامیابی میں پلیئر آف دی میچ ذوفشاں ایاز نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے 29 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور میچ کا واحد چھکا شامل تھا۔ کپتان فضا فیاض نے بھی 27 گیندوں پر 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اوپنرز نے 34 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ رویل خان نے 18، کومل خان نے 28، اقصیٰ حبیب نے 2 جبکہ عریشہ انصاری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔جنوبی افریقا کی جانب سے ریسپیکٹ مباسا نے 3 جبکہ کپتان میکی وان نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے شیری سبیا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، ڈیڈرے وین ریننسبرگ نے 23، کرس ماری بیزوئیڈن نے ناقابل شکست 23 جبکہ کپتان میکی وان نے 14 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے ماہ نور زیب اور روزینہ اکرم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ذوفشاں ایاز، ماہ نور اور شہربانو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن پانچواں اور آخری میچ جمعہ کی شب کھیلا جائے گا۔