اسلام آباد( اباسین خبر)پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ روزگار کی تلاش میں لاکھوں شہریوں نے بیرون ملک کا رخ کیا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران تقریباً 8 لاکھ پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں میں غربت کی شرح 11 فیصد سے بڑھ کر 17.4 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 28.2 فیصد سے بڑھ کر 36.2 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔تعلیم کے حوالے سے قومی شرح خواندگی 63 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، جو تعلیمی شعبے میں جاری بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔صوبائی سطح پر بلوچستان 47 فیصد شرح کے ساتھ سب سے زیادہ غربت والا صوبہ قرار پایا ہے، اس کے بعد خیبر پختونخوا، سندھ اور پنجاب کا نمبر آتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بیرون ملک جانے والے 8 لاکھ افراد میں سے بڑی تعداد نے سعودی عرب کا رخ کیا، جبکہ قطر، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک جانے والوں کی تعداد نسبتاً کم رہی۔معاشی شعبے میں توانائی اور پیداوار کے حوالے سے ملا جلا رجحان دیکھا گیا، جہاں تیل اور گیس کی پیداوار میں کمی جبکہ کوئلے اور لوہے کے خام مال کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں غربت میں اضافہ، ایک سال میں 8 لاکھ افراد بیرون ملک منتقل
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان