برآمدات میں کمی سے پاکستان 8 ارب ڈالر سے محروم رہا: گوہر اعجاز
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) سابق وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے بجائے کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں ملک تقریباً 8 ارب ڈالر کی ممکنہ برآمدی آمدن سے محروم رہا۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ برآمدات میں سالانہ 10 فیصد اضافے کا مقررہ ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا، جبکہ ملک کا تجارتی خسارہ بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے اور اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مضبوط اور مستحکم معیشت کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے خبردار کیا کہ اگر برآمدات کے فروغ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو مزید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ برآمدی شعبے کی بہتری کے لیے عملی اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔