اباسین خبر

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسداد دہشت گردی و تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسداد دہشت گردی و تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( اباسین خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران برطانوی نائب وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس سے پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت شناخت ابھری ہے۔دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن، ادارہ جاتی تعاون، پولیس ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اور اس حوالے سے جاری منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں، اس لیے افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور نمائندے بھی شریک تھے، جبکہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔