ون ونڈو نظام سرمایہ کاری میں تیزی لائے گا، گورنر سٹیٹ بینک
کراچی( کامرس ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جدید اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ انوسٹ پاک پورٹل اور ون ونڈو نظام سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔کراچی میں انوسٹ پاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ پورٹل سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری خدمات اور ضروری معلومات ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم پر فراہم کرے گا، جس سے سرمایہ کاری کا عمل زیادہ تیز اور آسان ہو جائے گا۔جمیل احمد نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں کو متعدد خدمات گھر بیٹھے میسر آئیں گی، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور ون ونڈو سہولت سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط کرے گی۔ ان کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام نہ صرف شفافیت میں اضافہ کرے گا بلکہ سرمایہ کاری کے عمل کو زیادہ مؤثر اور سہل بھی بنائے گا۔