ایران کشیدگی اور بحیرہ احمر میں حملوں کے بعد تیل مہنگا ہو گیا
لندن( کامرس ڈیسک) امریکا کے ایران پر نئے حملوں اور بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ) کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 1.93 ڈالر، یعنی تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ یہ 8 جون کے بعد خام تیل کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.44 ڈالر یا 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 88.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، امریکا کے ایران پر حالیہ حملوں اور بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے واقعات کے بعد تیل کی ترسیل سے متعلق پیدا ہونے والے خدشات کے باعث سامنے آیا ہے۔