تیل کمپنیوں کا پیٹرول کی ممکنہ قلت پر حکومت کو ہنگامی انتباہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک میں تیل فراہم کرنے والی کمپنیوں نے پیٹرول کی ممکنہ قلت سے خبردار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔تیل کمپنیوں کے مطابق اس وقت ملک میں موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کے ذخائر صرف تقریباً 15 روز کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، جس کے باعث سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے 15 جولائی کو وزیرِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک کو ارسال کیے گئے ایک ہنگامی خط میں خبردار کیا کہ پیٹرول کی فراہمی کی صورتحال غیر معمولی حد تک تشویشناک ہو چکی ہے۔خط کے مطابق ملک میں اس وقت تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کا ذخیرہ موجود ہے، جو صرف 15 دن کی ملکی ضرورت کے برابر ہے۔تیل کمپنیوں نے نشاندہی کی کہ ویبوک نظام میں تاخیر کے باعث درآمدی پیٹرول کی کسٹمز کلیئرنس متاثر ہو رہی ہے، جبکہ اگر تین درآمدی پیٹرول بردار جہاز بروقت نہ پہنچے تو ملک میں سپلائی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔کمپنیوں کا مزید کہنا ہے کہ 66 ارب 70 کروڑ روپے کی واجبات کی عدم ادائیگی نے بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔صنعتی ذرائع کے مطابق محدود ذخائر، درآمدی ایندھن کی کلیئرنس میں تاخیر، بڑھتی ہوئی طلب اور مالی مشکلات کے باعث آئندہ دنوں میں پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔