واشنگٹن( شو بز ڈیسک)امریکی پاپ گلوکارہ آریانہ گرانڈے نے وائٹ ہاؤس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی موسیقی کو امیگریشن پالیسیوں کی تشہیر کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں سرحدی اہلکاروں کو افراد کو گرفتار کرتے اور حراستی مراکز منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے پس منظر میں آریانہ گرانڈے کا 2024 کا گانا شامل کیا گیا تھا، جبکہ کیپشن میں امیگریشن پالیسیوں کے حوالے سے دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔آریانہ گرانڈے نے اس پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موسیقی کو ایسے ’’غیر انسانی اور قابلِ مذمت‘‘ مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ان کے ردِعمل کے بعد ویڈیو سے موسیقی ہٹا دی گئی، جبکہ ان کا تبصرہ بھی حذف کر دیا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اعتراضات کیے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ان کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر آنے والے بعض افراد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور حکومتی اقدامات شہریوں کے تحفظ کے لیے ہیں۔یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکومت نے امیگریشن اداروں کے لیے اربوں ڈالر کی نئی فنڈنگ کی منظوری دی ہے، جس پر ملک میں سیاسی اور انسانی حقوق کے حوالے سے بحث جاری ہے۔اس سے قبل بھی کئی فنکار اپنی موسیقی کے سیاسی یا حکومتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے پر اعتراضات اٹھا چکے ہیں۔