جو روٹ نہیں، بلی روٹ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
لندن( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے کرکٹ شائقین اس وقت حیران رہ گئے جب روٹ نامی کرکٹر نے 2026ء کے سیزن کے اختتام پر پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، تاہم یہ انگلینڈ کے معروف بیٹر جو روٹ نہیں بلکہ ان کے چھوٹے بھائی بلی روٹ ہیں۔34 سالہ بلی روٹ نے کاؤنٹی کرکٹ میں 14 سالہ کیریئر گزارا۔ وہ اپنے بھائی جو روٹ سے تقریباً 16 ماہ چھوٹے ہیں، جو بدستور انگلینڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور کرکٹ میں نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔جو روٹ نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کی 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنی 69ویں نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 521 اننگز میں 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے والے دوسرے بیٹر بھی بن گئے، جبکہ ٹنڈولکر نے یہ سنگ میل ایک اننگز بعد عبور کیا تھا۔دوسری جانب بلی روٹ نے ناٹنگھم شائر اور گلیمورگن کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 83 فرسٹ کلاس میچز میں 4 ہزار 107 رنز بنائے، جن میں 7 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 229 رنز رہا۔بلی روٹ نے گلیمورگن کی 2024ء ون ڈے کپ فتح سمیت مجموعی طور پر 4 ٹرافی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ رواں سیزن میں محدود مواقع ملنے کے باعث وہ صرف 2 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز کھیل سکے۔