ایسکس کے کرکٹر رابن داس پر زیادتی کے دو الزامات

ایسکس کے کرکٹر رابن داس پر زیادتی کے دو الزامات

Sep 24, 2026|ویب ڈیسک

لندن( سپورٹس ڈیسک) انگلش کاؤنٹی کرکٹ ٹیم ایسکس کے 24 سالہ کرکٹر رابن داس پر زیادتی کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد کاؤنٹی کرکٹ کلب نے انہیں معطل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق رابن داس کو 23 جولائی 2026 کو دو الگ واقعات میں زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ کارروائی ایک خاتون کی جانب سے مارچ 2024 میں برکسن میں زیادتی کی اطلاع دیے جانے کے بعد شروع ہوئی، جبکہ داس کو اس معاملے میں 27 اگست 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق رابن داس 9 اکتوبر کو انر لندن کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے، جبکہ متاثرہ خاتون کو خصوصی افسران کی جانب سے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ایسکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کا کہنا ہے کہ داس کو الزامات عائد ہونے کے بعد معطل کیا گیا ہے۔ کلب کے مطابق معاملہ کرکٹ سرگرمیوں سے باہر پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے اور ادارہ قانونی کارروائی کے دوران متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔رابن داس نے 2020 میں ایسکس کی جانب سے کھیلتے ہوئے ڈیبیو کیا تھا۔ وہ کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے 60 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں 9 فرسٹ کلاس، 29 ایک روزہ اور 24 ٹی ٹوئنٹی مقابلے شامل ہیں۔