شکست کے باوجود ناروے کی ٹیم کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال
اوسلو( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں اضافی وقت میں 2-1 سے شکست کے باوجود ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو پہنچنے پر تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے اور قومی ٹیم کو ہیروز کا درجہ دیتے ہوئے بھرپور جشن منایا۔رائل پیلس کے باہر صبح سے ہی ہزاروں شائقین جمع ہونا شروع ہوگئے تھے، جبکہ ٹیم کی آمد پر روایتی واٹر کینن سلامی بھی پیش کی گئی۔ کھلاڑیوں نے پہلے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ محل کی سیڑھیوں پر آ کر مداحوں سے ملے، جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ٹیم کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ تقریب کے آخری مرحلے میں شریک نہ ہو سکے، کیونکہ پرواز میں تاخیر کے باعث انہیں جلد روانہ ہونا پڑا۔ کوچ اسٹالے سولباکن کے مطابق ہالینڈ اور سینڈر برگے کو اپنی پرواز کے باعث تقریب ادھوری چھوڑنا پڑی۔بعد ازاں قومی ٹیم اوپن ٹاپ بس میں شہر کے دورے پر نکلی، تاہم غیرمعمولی رش کے باعث کئی مقامات پر بس کی رفتار سست ہوگئی اور ایک مقام پر اسے پیچھے ہٹانا بھی پڑا۔سٹی ہال اسکوائر میں بھی ہزاروں مداح اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے شائقین کی محبت کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے لے کر ناروے تک ملنے والی حمایت ان کی تمام توقعات سے کہیں بڑھ کر رہی۔