ناروے نے برازیل کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم کر دی
نیویارک( سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قبل از کوارٹر فائنل میں ناروے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے شکست دے دی اور اپنی تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ اس دوران برازیل کو پنالٹی کی صورت میں برتری حاصل کرنے کا بہترین موقع ملا، مگر ناروے کے گول کیپر اوریان نیلینڈ نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے گیند کو جال میں جانے سے روک دیا۔دوسرے ہاف میں ناروے نے منظم دفاع کے ساتھ جوابی حملوں کی حکمت عملی اپنائی، جس کا بھرپور فائدہ میچ کے آخری حصے میں ملا۔ ٹیم کے مایہ ناز اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے 79ویں اور 89ویں منٹ میں دو شاندار گول کر کے برازیل کے دفاع کو بے بس کر دیا اور اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔برازیل نے میچ کے اختتامی لمحات میں ایک گول کر کے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، لیکن وہ شکست ٹالنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ یوں پانچ بار عالمی اعزاز اپنے نام کرنے والی ٹیم کا سفر قبل از وقت اختتام پذیر ہو گیا، جبکہ ناروے نے تاریخی فتح کے ساتھ آخری آٹھ ٹیموں میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔اس یادگار کامیابی نے ناروے کو عالمی فٹبال میں ایک مضبوط حریف کے طور پر مزید نمایاں کر دیا ہے، جبکہ برازیل کی غیر متوقع شکست کو رواں ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔