اباسین خبر

سپریم کورٹ فیصلے کے خلاف بڑے بینچ کی ضرورت نہیں:وفاقی آئینی عدالت

سپریم کورٹ فیصلے کے خلاف بڑے بینچ کی ضرورت نہیں:وفاقی آئینی عدالت

اسلام آباد ( اباسین خبر) وفاقی آئینی عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر مقدمات سے متعلق بینچ کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے۔پی ٹی سی ایل پنشنرز کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف کیس سننے کے لیے بڑے بینچ کی تشکیل ضروری نہیں۔چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل ملازمین کی جانب سے سابق جج شوکت عزیز صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پہلے اس معاملے پر فیصلہ دیا تھا جبکہ موجودہ دو رکنی بینچ اس کی سماعت کر رہا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس حوالے سے پہلے سے متعدد عدالتی فیصلے موجود ہیں اور دو رکنی بینچ ہی اس مقدمے کی سماعت کے لیے کافی ہے، بڑے بینچ کی ضرورت نہیں۔بعد ازاں عدالت نے پی ٹی سی ایل ملازمین سے متعلق تمام مقدمات کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔