ورلڈ کپ سے اخراج کے بعد نیمار نے بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہہ دیا
نیو جرسی( شوبز ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے قبل از کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے مایہ ناز فٹبالر نیمار جونیئر نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔نیو جرسی میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں ناروے نے پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی برازیل کی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی، جبکہ برازیل کا عالمی ایونٹ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔ناروے کی کامیابی میں ایرلنگ ہالینڈ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹیم کی جانب سے دونوں گول کیے، جن میں پہلا 79ویں اور دوسرا 90ویں منٹ میں اسکور کیا گیا۔ برازیل کی جانب سے واحد گول نیمار جونیئر نے میچ کے آخری لمحات میں پنالٹی پر کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔میچ کے اختتام پر ورلڈ کپ جیتنے کی امیدیں دم توڑنے کے بعد نیمار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں ہی آبدیدہ ہو گئے۔ بعد ازاں انہوں نے بین الاقوامی فٹبال سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیلی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کوشش کی۔ ان کے بقول، ان کے بین الاقوامی سفر کا آغاز بھی اسی میدان سے ہوا تھا اور اب اسی مقام پر اس کا اختتام ہو رہا ہے۔نیمار کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر کے فٹبال شائقین، سابق کھلاڑیوں اور کھیل سے وابستہ شخصیات نے ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔