نامناسب انداز میں ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا پاپارازی پر برس پڑیں

نامناسب انداز میں ویڈیوز بنانے پر نیہا دھوپیا پاپارازی پر برس پڑیں

Jul 2, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کی جانب سے نامناسب زاویوں سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوٹوگرافروں سے ایسی حرکتیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران نیہا دھوپیا خود فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور کہا کہ کسی کی پچھلی جانب سے تصاویر یا ویڈیوز بنانا غیر مناسب ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ ان کے ساتھ اور نہ ہی کسی اور کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔نیہا دھوپیا کا کہنا تھا کہ فنکار بارہا اس معاملے پر اعتراض کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود پاپارازی نامناسب انداز میں ویڈیوز بنانے سے باز نہیں آتے۔اداکارہ کا یہ ردعمل ان کی ایک حالیہ وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہیں دوڑتے ہوئے فلمایا گیا تھا۔اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا دھوپیا کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے وائرل ویڈیو پر تبصرہ کیا، "ویل ڈن نیہا"۔چند روز قبل سوناکشی سنہا بھی ممبئی میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے پر ناراض دکھائی دی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ہمراہ موجودگی کے دوران ہاتھ جوڑ کر فوٹوگرافروں سے کہا تھا کہ اب کافی ہے، لیکن اس کے باوجود کیمرے ان کا تعاقب کرتے رہے۔یہ پہلا موقع نہیں جب کسی بھارتی فنکار نے پاپارازی کے طرزِ عمل پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل سلمان خان، جھانوی کپور، پلک تیواری اور زرین خان بھی نجی زندگی میں مداخلت اور نامناسب انداز میں تصاویر لینے پر اپنی ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں۔