نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش، نومولود کا نام محمد حمدان رکھ دیا
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے بیٹے کا نام محمد حمدان رکھنے کا انکشاف کیا ہے۔اداکارہ نے یہ خوش خبری سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی، جس کے بعد ان کے ہاں بچے کی آمد سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔۳۴ سالہ نیلم منیر نے ایک تصویر بھی جاری کی، جس میں وہ ہسپتال کے بستر پر اپنے نومولود بیٹے کو گود میں لیے بیٹھی ہیں۔ تصویر میں بچے کا چہرہ ایک علامتی نشان کے ذریعے چھپایا گیا ہے۔اپنے پیغام میں اداکارہ نے لکھا کہ یہ وہ لمحہ ہے جب وہ کسی کی پوری دنیا بن گئی ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے بیٹے محمد حمدان کو اپنی قبول ہونے والی دعا اور زندگی کی سب سے بڑی نعمت قرار دیا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اداکارہ کے ہاں بچے کی پیدائش کے حوالے سے مختلف خبریں گردش کر رہی تھیں۔ اس سے قبل ان کے شوہر کے ایک قریبی دوست نے بھی مبارک باد کا پیغام شیئر کیا تھا۔واضح رہے کہ نیلم منیر اپنی نجی زندگی کو ذرائع ابلاغ کی توجہ سے دور رکھتی رہی ہیں۔ انہوں نے جنوری ۲۰۲۵ء میں دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت محمد راشد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد سے وہ ڈراموں میں دکھائی نہیں دی ہیں۔اداکارہ کی جانب سے خوش خبری سامنے آنے کے بعد مداحوں نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے نومولود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔