دونباس سے دستبرداری کے بدلے نیٹو رکنیت کی تجویز، زیلنسکی کا انکشاف
کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ حالیہ امن مذاکرات کے دوران امریکی نمائندوں نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو مشرقی علاقے دونباس سے دستبرداری کے امکان سے جوڑنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔یوکرینی صدارتی دفتر کی جانب سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق زیلنسکی نے بتایا کہ مذاکرات میں پہلی مرتبہ نیٹو کی رکنیت اور علاقائی رعایتوں پر ایک ساتھ بات کی گئی۔ امریکی مذاکرات کاروں نے سوال کیا کہ اگر یوکرین کو نیٹو کی رکنیت مل جائے تو کیا وہ دونباس کا علاقہ چھوڑنے پر آمادہ ہوگا؟زیلنسکی کے مطابق اس پیش رفت کے بعد نیٹو میں شمولیت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر مذاکراتی ایجنڈے کا حصہ بن گیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین اپنی سرزمین سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی جامع معاہدہ سامنے آیا جس میں مضبوط سکیورٹی ضمانتیں، مستحکم اور مالی طور پر مضبوط فوج برقرار رکھنے کا حق اور جنگ کے بعد ملک کی تعمیر نو کے لیے فنڈز شامل ہوں تو وہ اس تجویز کو قومی ریفرنڈم کے ذریعے عوام کے سامنے رکھنے پر غور کرسکتے ہیں۔انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی رکنیت کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے۔ پیوٹن طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کو روس کے لیے ناقابل قبول قرار دیتے رہے ہیں اور 2022 میں یوکرین پر حملے کی وجوہات میں بھی اس معاملے کو شامل کرچکے ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی نمائندے جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں دونوں فریقوں نے سخت مؤقف اپنائے، تاہم نجی گفتگو میں وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ جنگ کے خاتمے کے لیے عملی سمجھوتے ناگزیر ہوں گے۔ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کی سفارتی کوششوں میں علاقائی حدود، نیٹو کی رکنیت اور مستقبل کی سکیورٹی ضمانتیں بنیادی اہمیت اختیار کرچکی ہیں۔