ایران بارودی ڈرونز سے ٹرمپ اور خاندان کو نشانہ بنا سکتا ہے، امریکی حکام

ایران بارودی ڈرونز سے ٹرمپ اور خاندان کو نشانہ بنا سکتا ہے، امریکی حکام

Nov 16, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر برائے داخلی سلامتی مارک وین مولن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کا خاندان ایران کے ممکنہ حملوں کے اہم اہداف میں شامل ہیں، جبکہ امریکی حکام ایرانی خطرات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کر رہے ہیں۔مارک وین مولن کے مطابق امریکا کسی بھی ممکنہ ایرانی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی جانب سے معلومات فراہم کیے جانے سے پہلے بھی امریکی حکام ان خدشات سے آگاہ تھے۔امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق موساد نے صدر ٹرمپ کو لاحق ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات امریکا کے ساتھ شیئر کی تھیں، جن میں بارودی مواد سے لیس ڈرونز کے ذریعے حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔فاکس نیوز کے مطابق مارک وین مولن نے خبردار کیا کہ ڈرون حملوں کے خطرات کے پیش نظر امریکی حکام کو روزانہ خفیہ معلومات موصول ہوتی ہیں۔ پروگرام ’’دی سنڈے بریفنگ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدر کو دی جانے والی بریفنگز میں ہر روز ایران سے متعلق ممکنہ خطرات کا ذکر ہوتا ہے اور صدر ٹرمپ سمیت ان کا خاندان نمایاں ترین اہداف میں شامل ہے۔ان کا یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس نے ایران کی جانب سے بارودی ڈرونز کے ذریعے صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی ممکنہ سازش کا پتا لگایا ہے۔ تاہم مارک وین مولن نے اس مخصوص رپورٹ کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ امریکی حکام مختلف نوعیت کے خطرات سے آگاہ ہیں۔وزیر برائے داخلی سلامتی کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی میں تیز رفتار جدت، جنوبی سرحد پر منشیات اسمگل کرنے والے گروہوں کی سرگرمیوں اور بڑے عوامی اجتماعات میں سیکیورٹی کے خدشات نے خطرات سے نمٹنے کا عمل مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکن منشیات فروش گروہ امریکی سرحد پر نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کر رہے ہیں۔ امریکی فوج نے 30 روز کے دوران سرحد پر ڈرونز کی 378 غیر مجاز پروازوں کا پتا لگایا، جبکہ فیفا ورلڈ کپ کے موقع پر 2 ہزار سے زائد ڈرونز کی نشان دہی کی گئی اور ان میں سے 700 قبضے میں لیے گئے تھے۔مارک وین مولن کے مطابق ڈرون حملوں کا خطرہ بڑے عوامی اجتماعات سے کھیلوں کے مقابلوں تک پھیل چکا ہے، جبکہ ایسے ڈرونز کو مار گرانے کی امریکی دفاعی صلاحیت میں بھی خامیاں موجود ہیں۔ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے محکمہ داخلی سلامتی میں ایک خصوصی شعبہ قائم کیا گیا ہے۔