ایران امریکا تنازع کا حل فوجی کارروائی نہیں، سفارت کاری ہے، عباس عراقچی

ایران امریکا تنازع کا حل فوجی کارروائی نہیں، سفارت کاری ہے، عباس عراقچی

Nov 16, 2026|ویب ڈیسک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ دھمکیوں یا فوجی کارروائیوں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے ایران اور امریکا کے تنازع کے حل کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو باہمی رابطوں اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا چاہیے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے باعث خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو ایران سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عدم جارحیت کے اصولوں پر مبنی نظام قائم کیا جائے۔عباس عراقچی نے بیرونی طاقتوں کی مداخلت روکنے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول پر لانے کے لیے دیرپا علاقائی تعاون ضروری ہے۔غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل سے انسانی امداد کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے حالات عالمی برادری کے لیے ایک بڑا سوال ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خاموش رہنے کے بجائے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔ عباس عراقچی کے مطابق ای سی او کا 18واں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔