اسلام آباد ( اباسین خبر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے انیس مارچ سے آٹھ اپریل دو ہزار چھبیس تک ہونے والی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث مجموعی طور پر چھیانوے افراد جاں بحق اور ایک سو بانوے زخمی ہوئے، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں اڑتالیس اموات اور ایک سو چھبیس افراد زخمی ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں بیس افراد جاں بحق اور اکتیس زخمی ہوئے، بلوچستان میں اٹھارہ اموات اور سترہ زخمی رپورٹ ہوئے جبکہ پنجاب میں چھ افراد جاں بحق اور سترہ زخمی ہوئے۔اسی طرح آزاد کشمیر میں چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا جبکہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، بارشوں کے باعث ایک سو بیاسی مویشی بھی ہلاک ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایک ہزار ستانوے گھروں کو نقصان پہنچا جن میں ایک سو اکیاسی مکمل جبکہ نو سو سولہ جزوی طور پر متاثر ہوئے، خیبرپختونخوا میں سات سو ستانوے، سندھ میں اناسی، بلوچستان میں ایک سو باسٹھ، پنجاب میں چار اور آزاد کشمیر میں پچپن گھروں کو نقصان پہنچا۔مزید بتایا گیا کہ شدید بارشوں کے باعث پانچ سکول اور نو دیگر بنیادی ڈھانچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔