محمد رضوان سے این سی سی آئی اے تحقیقات، عدم تعاون کا انکشاف

محمد رضوان سے این سی سی آئی اے تحقیقات، عدم تعاون کا انکشاف

Sep 28, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹر محمد رضوان سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات میں مکمل تعاون نہیں کر رہے۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے محمد رضوان کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے لیے متعدد مرتبہ ان سے رابطہ کیا، تاہم ہر بار کوئی نہ کوئی عذر پیش کیے جانے کے باعث عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں تعاون نہ کرنے سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تحقیقات مکمل کرنے کے لیے موبائل فون کا چوری سے تحفظ کا نظام اور چہرے سے شناخت کا تالا کھولنا ضروری ہے۔این سی سی آئی اے مختلف موبائل آلات اور طریقوں کی مدد سے فون کھول سکتی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق اس عمل کے دوران بعض معلومات حذف ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ادارہ یہ طریقہ اختیار نہیں کرنا چاہتا۔ذرائع نے بتایا کہ این سی سی آئی اے 28 ستمبر کو محمد رضوان سے دوبارہ رابطہ کرے گی۔ تعاون نہ کرنے کی صورت میں انہیں تحریری نوٹس جاری کرکے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق بعض افراد محمد رضوان کو تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر اکسا رہے ہیں، تاہم ان کے بقول یہ لوگ دراصل ان کے خیر خواہ نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی ضابطے کی شق 6.1.1 کے تحت انکوائری جبکہ شق 6.1.2 کے تحت مجرمانہ نوعیت کی تحقیقات کی بھی اجازت ہے۔ذرائع نے واضح کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک محمد رضوان پر کسی قسم کا الزام عائد کرنا مقصد نہیں۔ ان کے مطابق کسی کو کٹہرے میں لانا ہدف نہیں بلکہ قومی ہیروز کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلانا مقصود ہے۔دوسری جانب قومی کرکٹر امام الحق این سی سی آئی اے کی تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امام الحق کی موجودگی میں ان کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ کارروائی جلد مکمل ہوجائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی طرح محمد رضوان کو بھی تحقیقات میں تعاون کرنا چاہیے۔این سی سی آئی اے آن لائن بیٹنگ، بدعنوانی اور مجرمانہ سرگرمیوں سمیت مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔