تعز میں فضائی حملے، حوثیوں کے 30 جنگجو اور 8 شہری ہلاک
صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ تعز کے علاقے میں کیے گئے متعدد فضائی حملوں کے نتیجے میں اس کے تقریباً 30 جنگجو اور 8 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ کے مطابق ابتدائی طور پر ایک فضائی حملے میں 7 افراد کے ہلاک اور 40 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ چینل نے دعویٰ کیا کہ حملہ سعودی عرب کی جانب سے کیا گیا اور ایک بازار کو نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں حوثیوں کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ زخمیوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔حوثیوں کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تعز صوبے کے مویہ چوراہے پر واقع ایک بازار اور متعدد دکانوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی فورسز نے اسی مقام پر حوثیوں کے ایک فوجی کیمپ اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب پر تعز کے مضافات میں ایک بازار کو نشانہ بنانے والے 2 فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں ہلاکتوں اور زخمیوں سمیت تقریباً 50 افراد متاثر ہوئے، جبکہ حملوں کا جواب دینے کا بھی اعلان کیا۔دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد عبداللہ النزیلی نے بتایا کہ فوج نے 72 گھنٹوں کے دوران 756 درست اور مؤثر کارروائیاں کیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں میں حوثیوں کے 2 ہزار 316 جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں 4 ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔