لیورپول میں فلسطین ایکشن کی حمایت، 50 مظاہرین گرفتار
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے شہر لیورپول میں لیبر پارٹی کی کانفرنس کے باہر فلسطین ایکشن کی حمایت میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس نے 50 افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق احتجاج میں 250 سے زائد افراد شریک ہوئے، جن میں کئی مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین ایکشن کی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔پولیس نے مظاہرین کو متنبہ کیا کہ تنظیم کی حمایت میں علامت یا تحریر کا اظہار جرم کے زمرے میں آ سکتا ہے، جس کے بعد متعدد افراد کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 94 سالہ انسانی حقوق کی وکیل مارگریٹ اوون بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتی ہے اور مظاہرین کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق کی گئی۔دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گرفتاریوں کو آزادی اظہار پر حملہ قرار دیتے ہوئے برطانوی حکومت سے احتجاج سے متعلق قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج کی منتظم تنظیم ڈیفینڈ آور جیوریز نے بھی فلسطین ایکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔