گڈز ٹرانسپورٹرز کیلئے موٹرویز کھولنے کا مطالبہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے حکومت سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے موٹرویز کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں محمد اویس چوہدری نے کہا کہ عوام کے لیے سڑکیں اور موٹرویز کھول دی گئی ہیں، تاہم گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے ایم ون اور ایم ٹو موٹروے اب بھی بند ہیں۔ ان کے مطابق سیکڑوں کمرشل گاڑیاں مختلف انٹرچینجز پر کھڑی ہیں اور انہیں موٹروے پر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ ان گاڑیوں میں اشیائے ضروریہ اور عوام کے استعمال کا سامان موجود ہے، اس لیے گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے موٹرویز اور سڑکیں بند رکھنا بلاجواز ہے۔ کراچی سے آنے والی سپلائی لائن بھی اس صورتحال سے شدید متاثر ہوئی ہے۔محمد اویس چوہدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ فوری طور پر روکی جائے اور ایم ون، ایم ٹو سمیت تمام موٹرویز کمرشل گاڑیوں کے لیے کھولی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، راولپنڈی، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں پکڑی جا رہی ہیں، جبکہ متعدد گاڑیاں 20، 20 روز سے تحویل میں ہیں، لیکن تاحال کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اور نہ ادائیگی کا کوئی واضح طریقہ کار بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں کنٹینرز کے کرایوں کی مد میں روزانہ 4 کروڑ روپے سے زائد اخراجات کے اعداد و شمار گردش کر رہے ہیں، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو کوئی رقم ادا نہیں کی جا رہی۔محمد اویس چوہدری کے مطابق ایسوسی ایشن اپنے مسائل کئی بار حکومت کے اعلیٰ حکام تک پہنچا چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر زیرحراست گاڑیاں رہا کرے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دی جائے۔