معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ رشتۂ ازدواج میں منسلک
کیلیفورنیا( شویز ڈیسک) دنیا کے معروف یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن، المعروف مسٹر بیسٹ، نے اپنی دیرینہ دوست، گیمنگ اسٹریمر اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والی تھیا بوئسن کے ساتھ شادی کر لی۔مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر شادی کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "مجھے میری مسز بیسٹ مل گئی، اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔" تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں نظر آیا، جبکہ مداحوں نے انہیں مبارکباد اور نیک تمناؤں سے نوازا۔ایک مداح نے لکھا کہ "جمی، تم ہر خوشی کے مستحق ہو"، جبکہ دیگر صارفین نے دونوں کو بہترین جوڑی قرار دیا۔شادی کی تقریب میں 28 سالہ مسٹر بیسٹ نے کریم رنگ کا رسمی سوٹ اور سیاہ بو ٹائی پہن رکھی تھی، جبکہ 26 سالہ تھیا بوئسن سفید لیس سے مزین عروسی لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔ دونوں کی تصاویر محبت اور خوشی کے خوبصورت لمحات کی عکاسی کرتی دکھائی دیں۔رپورٹس کے مطابق مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ یوٹیوب، سائنس اور نئی چیزیں سیکھنے میں مشترکہ دلچسپی نے دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔بعد ازاں جنوری 2025 میں مسٹر بیسٹ نے منفرد انداز میں اپنی منگنی کا اعلان کیا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔تھیا بوئسن جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف گیمنگ اسٹریمر، مصنفہ اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والی شخصیت ہیں۔ انہوں نے اسٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون میں بیچلرز اور نفسیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد ازاں ایڈنبرا یونیورسٹی سے انسانی ادراک اور اعصابی نفسیات میں ماسٹرز کی تعلیم مکمل کی۔