مسٹر پتلو کی پہلی اہلیہ کے شوہر پر سنگین الزامات، خفیہ طلاق کا دعویٰ
سیا لکوٹ(شو بز ڈیسک) سوشل میڈیا پر معروف شخصیت مسٹر پتلو کی پہلی اہلیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شادی 10 نومبر 2021 کو ہوئی تھی اور یہ رشتہ تقریباً 4 سال قائم رہا، تاہم انہیں لاعلم رکھ کر طلاق دے دی گئی۔ایک انٹرویو میں سابقہ اہلیہ نے الزام لگایا کہ انہوں نے شوہر کا اس وقت ساتھ دیا جب وہ مالی مشکلات کا شکار تھے، لیکن شہرت اور دولت ملنے کے بعد ان کے رویے میں تبدیلی آگئی اور انہوں نے دوسری خواتین سے تعلقات قائم کرلیے۔خاتون کے مطابق شوہر نے دیگر خواتین سے تعلقات کے بعد انہیں ذہنی اذیت دینا شروع کردی، ڈانٹتے، فون کرنا بند کردیا اور رابطہ ختم کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے نیند کی گولیاں استعمال کررہی ہیں اور اس حوالے سے برطانیہ میں طبی ریکارڈ بھی موجود ہے۔سابقہ اہلیہ نے مزید الزام لگایا کہ جب انہوں نے شوہر سے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعتراف کرنے کا مطالبہ کیا تو انہیں نجی لمحات کی ویڈیوز لیک کرنے اور اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ ان کے بقول شوہر نے انہیں بتائے بغیر طلاق دی اور دوسرے ممالک میں بھی خواتین سے تعلقات قائم کیے۔خاتون نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر اس لیے سامنے آئی ہیں تاکہ دوسری لڑکیاں ایسے حالات سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعوؤں پر یقین کرنے سے پہلے حقائق کو بھی مدنظر رکھا جائے۔